خیبرپختونخواکے بالائی اضلاع میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کا الرٹ جاری

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) خیبرپختونخوا پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے شدید گرمی کے باعث صوبے کے بالائی اضلاع میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے (GLOF) کے خدشے پر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق درجہ حرارت میں اضافے کے باعث گلیشیئر تیزی سے پگھل رہے ہیں، جس سے گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، اچانک سیلاب (فلش فلڈ) اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔

الرٹ کے تحت اپر و لوئر چترال، سوات، اپر دیر، کوہستان اور مانسہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ حساس گلیشیائی علاقوں میں مسلسل نگرانی، ہائی الرٹ رہنے اور ریسکیو اداروں، مشینری اور ہنگامی عملے کو ہر وقت تیار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو خطرے سے دوچار آبادی کو بروقت آگاہ کرنے اور ضرورت پڑنے پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

اتھارٹی نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دریا، ندی نالوں اور گلیشیائی علاقوں کے قریب جانے سے اجتناب کریں، جبکہ عوام کو بھی بارشوں کے دوران برساتی ندی نالوں اور تیز بہاؤ والے پانی سے دور رہنے کی تلقین کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں شہری فوری طور پر ہیلپ لائن 1700 پر اطلاع دیں۔

مزید خبریں

Back to top button