بدین: مہنگائی اور پیٹرول کی قیمتوں کے خلاف احتجاجی ریلی

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)نندو شہر میں مہنگائی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف قومی عوامی تحریک کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ آج قومی عوامی تحریک کی مرکزی اپیل پر مہنگائی اور پیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت رہنماؤں محمد حسین درس، عبدالرسول ملاح، اسماعیل ملاح اور بھیمون سولنکی نے کی ریلی میں ایڈووکیٹ وہاب بھرگڑی، شاہد جمالی پریس کلب کے صدر ایوب کٹھی، غلام مصطفیٰ بھرگڑی سمیت شہریوں، ٹیکسی ڈرائیورز اور رکشہ ڈرائیورز نے بھی شرکت کی۔ ریلی پریس کلب نندو شہر سے شروع ہو کر شاہنواز چوک تک پہنچی، جہاں کارکنوں نے دھرنا دے کر حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی

مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے اور مہنگائی، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے اور عوامی مسائل کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔ اس موقع پر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے عام آدمی کی زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے، جبکہ مہنگائی نے عوام کا جینا مشکل بنا دیا ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کرے اور مہنگائی پر قابو پائے رہنماؤں نے مزید کہا کہ اگر عوامی مسائل حل نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا اور پورے سندھ میں تحریک کو تیز کیا جائے گا۔ ریلی میں بڑی تعداد میں کارکنوں اور شہریوں نے شرکت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام کو ریلیف دیا جائے اور ان کے بنیادی مسائل حل کیے جائیں۔

مزید خبریں

Back to top button