مصطفیٰ کمال جب مناظرے کا کہیں، میں تیار ہوں، مرتضیٰ وہاب

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مصطفیٰ کمال کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جس دن مناظرے کے لیے کہیں گے، میں تیار ہوں، کراچی میں ترقیاتی کام جاری ہیں اور شہر کا انفرااسٹرکچر بہتر بنایا جا رہا ہے۔
شادمان ٹاؤن میں پارک اور آئی ٹی سینٹر کی بحالی کے منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ منصوبہ ایک کروڑ 45 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔ ایک ایکڑ سے زائد رقبے پر قائم پارک میں بچوں کے لیے پلے ایریا، جھولوں، گھاس اور دیگر سہولیات کے علاوہ 100 سے زائد نئے درخت اور پودے لگائے گئے ہیں۔
میئر کراچی نے کہا کہ شادمان ٹاؤن میں کچرے کے ڈھیر کو پارک میں تبدیل کیا گیا ہے، جبکہ نوجوانوں کے لیے پارک کے ساتھ آئی ٹی سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے، جہاں مفت آئی ٹی اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کورسز کرائے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ٹی کا شعبہ دنیا بھر میں روزگار کے وسیع مواقع فراہم کر رہا ہے، نوجوانوں کو جدید ہنر سکھانے کے ساتھ فری لانسنگ کے ذریعے باعزت روزگار کے مواقع بھی فراہم کرنا چاہتے ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ آئی ٹی سینٹر 180 مربع میٹر رقبے پر مشتمل ہے، جس میں 8 کمرے، دفتر، اسٹور، باورچی خانہ اور بیت الخلاء سمیت دیگر سہولیات موجود ہیں۔ منصوبے میں پارک اور آئی ٹی سینٹر کے لیے بجلی، پانی اور سیوریج کنکشن کو بیرونی نیٹ ورک سے منسلک کرنے کا کام بھی شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر ڈسٹرکٹ میں اسی طرز کے پارک بنائے جائیں گے، کراچی میں تیزی سے ترقیاتی کام ہو رہے ہیں جبکہ 15 ستمبر سے مزید منصوبوں کا آغاز کیا جائے گا۔ ٹاؤن کی سڑکوں کی تعمیر بھی کی جائے گی۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ اب شہر میں کام ہوتا ہوا نظر آ رہا ہے، انفرااسٹرکچر بہتر ہو رہا ہے اور شہریوں کو جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ کے ایم سی کے پاس وسائل اور اختیارات موجود ہیں، اب اختیارات اور وسائل کی کمی کا رونا رونے کا وقت نہیں، فرق صرف قیادت کا ہے۔
مصطفیٰ کمال پر تنقید کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وہ آج بھی فیلڈ اور گراؤنڈ میں موجود ہیں جبکہ مصطفیٰ کمال ٹھنڈے کمروں میں بیٹھ کر پریس کانفرنس کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مصطفیٰ کمال جس دن مناظرے کا کہیں گے، میں تیار ہوں۔
مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ کراچی والے بوری بند ہڑتالوں اور تشدد کا شہر نہیں چاہتے، اب پہیہ جام نہیں چلے گا۔ مصطفیٰ کمال سے مخاطب ہوتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تین سو ارب روپے کی منظوری کے کاغذات دکھائیں اور بتایا جائے کہ یہ رقم کب اور کونسل سے کب منظور کرائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ مصطفیٰ کمال غصے میں جلد آ جاتے ہیں، وہ وزیر صحت ہیں، اس لیے اپنی صحت کا بھی خیال رکھیں۔ مرتضیٰ وہاب کے مطابق ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی کی سوچ مختلف ہے، تاہم کراچی میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری رہے گا۔



