سندھ پولیس کو جدید خطوط پر استوار کریں گے، عوامی خدمت اولین ترجیح ہے، مراد علی شاہ

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت پولیس فورس کو جدید خطوط پر استوار کرنے، اس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنے اور جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔

کراچی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پیشہ ورانہ مہارت، دیانتداری اور عوامی خدمت سندھ پولیس کی بنیادی شناخت ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نئی بھرتی ہونے والے جوان قانون کی بالادستی، امن و امان کے قیام اور عوامی اعتماد کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

مراد علی شاہ نے سندھ پولیس کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورس نے امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے قابلِ قدر کردار ادا کیا ہے، جبکہ جدید تربیت یافتہ پولیس اہلکار مستقبل میں بھی جرائم کے خاتمے اور امن کے قیام میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے پاس آؤٹ ہونے والے ریکروٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر انہوں نے ریکروٹس اور پولیس افسران کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔

مزید خبریں

Back to top button