سندھ میں نئے انتظامی یونٹس بنیں گے، ایم کیو ایم

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) ایم کیو ایم رہنما طحہٰ احمد خان نے کہا ہے کہ سندھ میں نئے انتظامی یونٹس بننے چاہئیں، بہتر گورننس اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ترجیح ہونی چاہیے۔

سندھ اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے طحہٰ احمد خان نے کہا کہ سندھ کی علاقائی حدود تبدیل کرنے کی بات کس نے کی؟ ہمیں معلوم ہے نئے صوبے کیسے بنتے ہیں، ہم سندھ کی سرحدوں کی نہیں بلکہ نئے انتظامی یونٹس کی بات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کی تقسیم کا معاملہ اٹھا کر حکومت اپنی گورننس کی ناکامیوں سے توجہ ہٹاتی ہے۔ پیپلزپارٹی اپنی نااہلی اور مبینہ کرپشن کو چھپانے کے لیے ایسی بحث چھیڑتی ہے، تاہم سندھ حکومت عوام کو گمراہ نہیں کر سکتی۔

ایم کیو ایم رہنما نے سوال اٹھایا کہ جب لیبر اور پبلک ہیلتھ کا وزیر خود کہہ رہا ہے کہ کرپشن ہو رہی ہے تو سندھ میں ہونے والی کرپشن کو کون روکے گا؟ اس معاملے کی انکوائری ہونی چاہیے، یہ کون سے چوہے ہیں جو ہر سال گندم کھا جاتے ہیں؟

طحہٰ احمد خان نے مزید کہا کہ سندھ کے عوام کو ان کا اپنا پانی کیوں بیچا جاتا ہے؟ انہوں نے سوال کیا کہ حکومت کا کون سا وزیر ایسا ہے جو سرکاری ہسپتال جا کر اپنا علاج کراتا ہے؟

مزید خبریں

Back to top button