موٹروے پر اہلکاروں کے لفٹ مانگنے پر پابندی، خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا حکم


لاہور(جانوڈاٹ پی کے)ڈی آئی جی موٹروے عمران شاہد نے موٹروے اور قومی شاہراہوں پر اہلکاروں کی جانب سے گاڑیاں روک کر لفٹ مانگنے کے عمل کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پابندی عائد کر دی ہے۔
جاری کردہ مراسلے میں تمام متعلقہ اداروں کے سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ کوئی بھی اہلکار ٹول پلازوں یا موٹروے پر گاڑیاں روک کر لفٹ نہ مانگے، خلاف ورزی کی صورت میں سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مراسلے کے مطابق موٹروے ایم-2 اور قومی شاہراہ کی ساکھ ایسے اقدامات سے متاثر ہو رہی ہے، جبکہ وردی میں اہلکاروں کے لفٹ مانگنے سے ملکی اور غیر ملکی مسافروں پر منفی تاثر قائم ہوتا ہے۔
ڈی آئی جی موٹروے نے واضح کیا کہ موٹروے پر اہلکاروں کی موجودگی صرف ڈیوٹی، گشت اور ٹریفک قوانین کے نفاذ کے لیے ہونی چاہیے۔
یہ مراسلہ سی سی پی او لاہور، ریسکیو 1122، پی ٹی سی فاروق آباد اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھی ارسال کر دیا گیا ہے تاکہ ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔