عاصم منیر اور ایرانی صدر کی ملاقات انتہائی مثبت رہی، محسن نقوی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ملاقات انتہائی مثبت اور نتیجہ خیز رہی، جس میں ایران امریکا تنازع، مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی اور آئندہ کے لائحۂ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ ملاقات میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی بحالی کے لیے دونوں جانب سے درکار اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی، جو تنازع کے جامع حل کی جانب اہم پیش رفت ثابت ہوسکتے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پاکستانی قیادت کے سامنے اپنی حکومت کا مؤقف اور خدشات کھل کر بیان کیے، جبکہ متعلقہ امور پر دونوں جانب سے تعمیری اور مفید گفتگو ہوئی۔
محسن نقوی نے کہا کہ ملاقات میں اہم پیش رفت ہوئی اور بات چیت انتہائی مثبت ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حالیہ پیش رفت مستقبل میں مزید مثبت اقدامات کی راہ ہموار کرے گی اور خطے میں دیرپا امن کے قیام میں مددگار ثابت ہوگی۔



