اسلام آباد سیف سٹی منصوبہ 85 فیصد مکمل، 30 ستمبر تک ہر صورت مکمل کرنے کی ہدایت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے سیف سٹی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں خصوصی اجلاس میں سیف سٹی توسیعی منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ منصوبے کا 85 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، نئے کیمروں کی تنصیب بھی 85 فیصد مکمل ہے، جبکہ 415 کلومیٹر آپٹیکل فائبر بچھائی جا چکی ہے۔ ڈیٹا سینٹر، سائبر آرکیٹیکچر اور سائبر سکیورٹی پر بھی تقریباً 80 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سیف سٹی توسیعی منصوبہ ہر صورت 30 ستمبر تک مکمل کیا جائے، جبکہ جدید فیوژن سینٹر بھی آئندہ تین ماہ میں مکمل کرنے کا ٹاسک دیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اسلام آباد سیف سٹی کو جدید، سمارٹ اور عالمی معیار کے ادارے میں تبدیل کرنے کے لیے پُرعزم ہے، جہاں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شہریوں کی حفاظت، مؤثر نگرانی اور ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس کو یقینی بنایا جائے گا۔
محسن نقوی نے سیف سٹی بل کو جلد حتمی شکل دے کر قومی اسمبلی میں پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔



