محسن نقوی کی منصورہ آمد، حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات، خطے کی صورتحال اور ایران امریکا مفاہمت پر گفتگو


لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے اہم ملاقات کی۔
ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمت کے بعد خطے کی صورتحال بھی زیر غور آئی۔
دونوں رہنماؤں نے ایران امریکا مفاہمت کو خطے کے استحکام اور امن کے لیے خوش آئند قرار دیا۔ حافظ نعیم الرحمان نے اس موقع پر ایران امریکا مفاہمت میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات میں ایران امریکا مذاکرات اور حکومتی اقدامات پر امیر جماعت اسلامی کو اعتماد میں لیا۔
ملاقات کے دوران امیر جماعت اسلامی نے صومالیہ میں پھنسے پاکستانیوں کا معاملہ بھی اٹھایا اور حکومت سے ان کی فوری اور محفوظ واپسی کے لیے مؤثر سفارتی اقدامات کا مطالبہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے ملکی معیشت کی بہتری اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے امور پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے خطے میں امن کے لیے اہم کردار ادا کیا، جبکہ کشیدگی میں کمی کا کریڈٹ پاکستان کو جاتا ہے۔