پاکستان مشکل وقت میں ایران کا سچا دوست ثابت ہوا، باقر قالیباف

تہران(جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک)ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر اور چیف مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل وقت میں پاکستان نے ایک حقیقی اور مخلص دوست ہونے کا ثبوت دیا، جسے ایرانی قوم ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھے گی۔
تہران میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کے دوران محمد باقر قالیباف نے کہا کہ آزمائش کی گھڑی میں پاکستان کی قیادت اور عوام نے جس یکجہتی اور رفاقت کا مظاہرہ کیا، وہ دونوں برادر ممالک کے مضبوط تعلقات کا عکاس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خوشی اور مشکل، دونوں مواقع پر ایران کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔
اس موقع پر چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ایران کا استحکام اور ترقی پورے خطے کے امن اور خوشحالی کے لیے اہم ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان اور ایران کو دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر توجہ دینی چاہیے۔
دریں اثنا محمد باقر قالیباف نے چینی پیپلز کانگریس کے نائب صدر سے ملاقات میں کہا کہ ایران اور چین کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور اسٹریٹیجک تعاون مزید مستحکم ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ چین نے مشکل وقت میں ہمیشہ ایران کا ساتھ دیا اور دونوں ممالک کے قریبی تعلقات خطے میں کشیدگی کم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
ایرانی سپیکر نے آبنائے ہرمز کے حوالے سے بھی سخت مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ وہاں چینی جہازوں کی آمدورفت سے متعلق مسائل حل کر لیے گئے ہیں، تاہم امریکہ کو آبنائے ہرمز میں کسی بھی قسم کی مداخلت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔



