حیسکو کی جانب سے مقامی ہال میں سیفٹی سیمینار کا انعقاد
میرپورخاص کے دو فیڈروں کو لوڈشیڈنگ فری کرنے کا اعلان، بجلی چوری نہیں ہونے دی جائے گی۔ حیسکو چیف

میرپورخاص (شاھد میمن\جانوڈاٹ پی کے) حیسکو کی جانب سے مقامی ہال میں سیفٹی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، حیسکو چیف فیض اللہ ڈاہری نے کام کے دوران جاں بحق ہونے والے حیسکو ملازمین کی بیواوں میں امدادی چیک تقسیم کئے، میرپورخاص کے دو فیڈروں کو لوڈشیڈنگ فری کرنے کا اعلان کیا۔
تفصیلات کے مطابق میرپورخاص کے مقامی ہال میں منعقدہ سیفٹی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے حیسکو چیف فیض اللہ ڈاہری نے کہا کہ میرپورخاص وہ سرکل ہے جسے گزشتہ سال "سرکل آف دی ایئر” کا اعزاز ملا ہے انہوں نے کہا کہ فری زون فیڈرز پر مقامی معززین سے یاداشت نامہ ایم او یو پر دستخط کئے جائیں گے جس کے تین نکات ہوں گے جس میں فیڈر پر لوڈشیڈنگ نہیں ہو گی، بجلی چوری نہیں ہو گی اور نہ ہونے دی جائے گی اور فالٹ کی صورت میں ہی بجلی بند کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حیسکو میں سیفٹی سیمینار کا تسلسل برقرار رکھا جائے گا تاکہ ورکرز اپنی ڈیوٹی پرسکون اور محفوظ ماحول میں انجام دے سکیں حیسکو چیف نے دوران خطاب میرپورخاص کے دو فیڈروں استاد بخاری فیڈر اور معصوم شاہ فیڈر کو لوڈشیڈنگ فری کرنے کا اعلان کیا۔
آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کے مرکزی صدر عبداللطیف نظامانی نے کہا کہ بجلی نور ہے عوام کو چوری کے بجائے بل کی ادائیگی کو یقینی بنانا چاہئے ایس ای میرپورخاص امیر احمد میمن کی کارکردگی قابل ستائش ہے ورکرز کے لئے فوری بھرتیاں اور بونس کی ادائیگی کی جائے۔
چیف آپریٹنگ آفیسر اعجاز احمد شیخ نے کہا کہ میرپورخاص سرکل میں دو سال سے کام کے دوران کوئی حادثہ پیش نہیں آیا جو ورکرز کے سیفٹی شعور اور پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے انہوں نے ورکرز کو ادارے کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ورکرز ہمارے لئے اثاثہ ہیں۔
ڈائریکٹر سیفٹی آصف شیراز نے سیفٹی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جان ہو گی تو ہم کام کریں گے، کام کے دوران حفاظتی اصولوں پر سختی سے عمل کیا جائے بغیر پرمٹ ٹو ورک کسی بھی کام کا آغاز نہ کریں۔ ایکسین امجد میمن نے بتایا کہ کمپنی کی کارکردگی میں 17 فیصد اضافہ ہوا ہے جو حیسکو ورکرز کی محنت کا نتیجہ ہے تقریب میں بہترین کارکردگی دکھانے پر ایس ڈی او ریاض میئو اور دیگر حیسکو ملازمین کو شیلڈیں بھی دی گئیں جبکہ وزیر اعظم پیکج کے تحت دوران ڈیوٹی جاں بحق ہونے والے سات حیسکو ملازمین کی بیواؤں میں دو کروڑ 68 لاکھ روپے کے مالی امداد کے چیکس بھی تقسیم کئے گئے۔
تقریب میں چیف آپریٹنگ آفیسر اعجاز احمد شیخ، چیف پلاننگ افسر ذوالفقار میمن سمیت حیسکو کے دیگر دیگر افسران نے شرکت کی سیمنار سے ایڈیشنل کمشنر سھباش چندر، سول سرجن پیر غلام نبی شاہ جیلانی، تاجر رہنما امین میمن اور دیگر نے بھی خطاب کیا اس موقع پر شاہد قائمخانی، شاہد کاظمی، سکندر مہر، غلام سرور انڑ، ممتاز میمن، عبدالواحد خاصخیلی اور دیگر بھی موجود تھے۔



