ماضی کی مشہور بھارتی اداکارہ کا 30 سال بعد دوبارہ شوبز میں قدم رکھنے کا اعلان

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) میناکشی شیشادری نے تقریباً 30 سال بعد بھارت واپسی اختیار کرلی ہے اور شوبز انڈسٹری میں دوبارہ سرگرم ہونے کا واضح اشارہ دے دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 1980 اور 90 کی دہائی کی مقبول فلم اسٹار حال ہی میں ممبئی منتقل ہوئی ہیں اور ایک بار پھر فلمی دنیا میں نئے مواقع تلاش کر رہی ہیں۔ اداکارہ نے انسٹاگرام پر ویڈیو پیغام کے ذریعے اپنی واپسی کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے مداحوں کی محبت اور حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
میناکشی شیشادری نے اپنے پیغام میں کہا کہ 30 برس بعد دوبارہ ممبئی میں موجود ہونا ان کے لیے ایک نیا اور پُرجوش آغاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مرکزی، معاون یا مختصر لیکن مؤثر کردار ادا کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔
اداکارہ نے واضح کیا کہ وہ صرف فلموں ہی نہیں بلکہ او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر بھی کام کے لیے تیار ہیں، تاہم وہ انہی پروجیکٹس کا انتخاب کریں گی جو انہیں بطور فنکار چیلنج کریں۔ ان کے مطابق انہیں متعدد آفرز موصول ہوئیں مگر زیادہ تر کردار متاثر کن نہیں تھے۔
میناکشی شیشادری نے یہ بھی بتایا کہ وہ کسی ایجنسی کے بغیر خود اپنے نئے سفر کو سنبھال رہی ہیں اور اب بنیادی طور پر بھارت میں مقیم ہیں، جبکہ کبھی کبھار خاندان سے ملنے امریکا جاتی رہتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ کسی کو کچھ ثابت کرنے نہیں آئیں بلکہ صرف وہی کام کرنا چاہتی ہیں جو انہیں خوشی اور اطمینان دے۔ اداکارہ نے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ پہلے کی طرح ان کا ساتھ دیتے رہیں کیونکہ ان کی محبت ہی ان کی اصل طاقت ہے۔



