ایران کے اتحاد کو نقصان پہنچانے کی سازشیں ہو رہی ہیں، مذاکرات سے معاشی مشکلات کم ہونے کی امید ہے، صدر پزشکیان

تہران(مانیٹرنگ ڈیسک)ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے خبردار کیا ہے کہ بعض اندرونی اور بیرونی عناصر ایران کے قومی اتحاد کو نقصان پہنچانے اور ملک کے مفادات کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں، تاہم حکومت قومی یکجہتی کے فروغ اور سفارتی کوششوں کو جاری رکھے گی۔
صدر مسعود پزشکیان نے یہ بات قم کے دورے کے دوران ممتاز مذہبی رہنما آیت اللہ ناصر مکارم شیرازی سے ملاقات میں کہی۔ اس موقع پر انہوں نے امریکہ کے ساتھ جاری مذاکرات، جنگ کے بعد کی صورتحال اور حکومتی سفارتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔
ایرانی صدر نے کہا کہ بعض حلقے ملک کے اندر قومی ہم آہنگی کو متاثر کرنے اور معاہدے کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ امید ہے کہ مذاکرات میں پیش رفت سے ایران کو درپیش معاشی اور سماجی مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کے تحت جاری مذاکرات پر ایران کے قدامت پسند حلقوں کی تنقید میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
آیت اللہ ناصر مکارم شیرازی نے جنگ کے بعد کی صورتحال سے نمٹنے اور حکومتی سفارتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حالیہ معاہدوں کے مثبت نتائج سامنے آ سکتے ہیں، تاہم حکومت کو ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جو مخالف قوتوں کو فائدہ پہنچا سکیں۔
بعد ازاں صدر پزشکیان نے قم میں رہبرِ اعلیٰ کے نمائندے آیت اللہ سید محمد سعیدی سے بھی ملاقات کی، جس میں ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی معاہدے تک پہنچنے والی سیاسی اور سفارتی کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔
صدر نے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے تزویراتی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاہدے کے نتیجے میں لبنان میں نسبتی امن و استحکام اور بعض معاشی مواقع پیدا ہوئے، جس کا سہرا اعلیٰ قیادت کی رہنمائی اور حکومتی اقدامات کو جاتا ہے۔



