پنجاب حکومت کا بڑا فیصلہ، آلائشیں گلیوں میں پھینکنے پر 50 ہزار روپے جرمانہ منظور

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گلی محلوں میں آلائشیں پھینکنے والوں کے خلاف 50 ہزار روپے جرمانے کی منظوری دے دی ہے۔

مریم نواز شریف کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس ہوا جس میں عید الاضحیٰ کے موقع پر صفائی کے فول پروف انتظامات کا پلان تیار کیا گیا۔ اجلاس میں ممنوعہ مقامات پر باقیات اور آلائشیں پھینکنے کی روک تھام کیلئے ویجلینس سکواڈ قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے عوامی آگاہی کیلئے جامع ابلاغ عامہ مہم چلانے کی ہدایت کی اور کہا کہ گلی، محلوں، ڈرینز، کینالز اور دیگر مقامات کی خصوصی صفائی یقینی بنائی جائے۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز، ریلوے کالونیز اور کنٹونمنٹ ایریاز میں بھی صفائی کے مؤثر انتظامات کیے جائیں گے۔ پنجاب بھر کی 2687 کمرشل مارکیٹوں کی صفائی کو خصوصی طور پر یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ عید پر صفائی کیلئے حکومت ایک مربوط نظام کے تحت کام کرے گی، جبکہ شکایات پر کارروائی اور بہترین کارکردگی پر انعام دیا جائے گا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ عید کے تیسرے روز تک تمام کلیکشن پوائنٹس اور ڈسپوزل سائٹس کو مکمل طور پر کلیئر کیا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button