ڈیجیٹل پنجاب ہمارا عزم، علمی انقلاب کی راہیں کھل رہی ہیں، مریم نواز

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل پنجاب ہمارا عزم ہے، علمی انقلاب کی راہیں کھل رہی ہیں۔
ورلڈ ٹیلی کمیونیکیشن ڈے پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ٹیلی کمیونیکیشن اور ٹیکنالوجی دور جدید کا موثر اور کارگر ہتھیار ہے، ٹیلی کمیونیکیشن دور جدید میں محض رابطے کا ذریعہ نہیں بلکہ نئی بلندیوں پر جانے کا راستہ بن چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب سمیت پاکستان میں فائیو جی ڈیجیٹل ٹیلی کمیونیکیشن کے لئے انقلاب کا پیامبر ثابت ہوگا، اے آئی سے مستفید ہونے کیلئے ٹیلی کمیونیکیشن ٹیکنالوجی میں جدت ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ٹیلی کمیونیکیشن کے ذریعے ای گورننس اور ای بزنس کا کامیاب اجراء کیا گیا ہے، ہر طالب علم کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ ہے، ٹیلی کمیونیکیشن میں جدت کے ذریعے دنیا سے جوڑ رہے ہیں، نوجوانوں کو ٹیلی کمیونیکیشن اور آئی ٹی کی عالمی منڈیوں سے جوڑنے کیلئے باقاعدہ تربیتی پروگرامز کرائے جا رہے ہیں۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ نواز شریف آئی ٹی سٹی کے قیام سے ہمارے کمیونیکیشن سسٹم میں انقلابی بہتری آئے گی، ٹیلی کمیونیکیشن کو صرف آسانی نہیں بلکہ تبدیلی، شفافیت اور ترقی کا ذریعہ بنائیں گے۔



