آزاد کشمیر انتخابات: مظفرآباد ڈویژن میں کامیابی نواز شریف کے بیانیے پر اعتماد کا اظہار ہے، مریم اورنگزیب

لاہور (جانوڈاٹ پی کے)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے آزاد جموں و کشمیر کی مہاجرین کی نشستوں پر میرپور ڈویژن کے بعد مظفرآباد ڈویژن میں بھی پارٹی کی کامیابی پر ووٹرز کا شکریہ ادا کیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے اسے مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور کارکردگی پر عوام کے بھرپور اعتماد کا مظہر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے مظفرآباد کے عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے قائد محمد نواز شریف کے بیانیے اور ن لیگ کی خدمت کی سیاست پر مہر تصدیق ثبت کی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ کشمیری ووٹرز نے کسی بھی قسم کے دباؤ، دھمکی یا مبینہ دھاندلی کو رد کرتے ہوئے آزادانہ طور پر اپنے جمہوری حق کا استعمال کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں مقیم کشمیری مہاجرین کی 10 نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کی کامیابی اصل میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی شاندار کارکردگی، عوامی خدمت اور انتھک محنت کا اعتراف ہے۔

مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز پر اعتماد کرنے پر کشمیری عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ حکومت تشکیل پاتے ہی آزاد جموں و کشمیر میں بھی پنجاب کی طرز پر ترقی اور عوامی خوشحالی کے نئے دور کا آغاز کیا جائے گا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پونچھ ڈویژن کے آنے والے مرحلے میں بھی عوام شیر کے نشان پر مہر لگا کر مسلم لیگ (ن) کو ہی کامیاب بنائیں گے اور پارٹی اس سلسلے میں انتخابی مہم کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

مزید خبریں

Back to top button