پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا تعاون مزید بڑھانے کا عزم، دفاعی و اقتصادی شراکت داری مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے سیاسی، اقتصادی، سلامتی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے اور علاقائی و عالمی معاملات پر مشترکہ کوششوں کے ذریعے امن و استحکام کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان نے بتایا کہ تینوں ممالک نے علاقائی امن، استحکام اور کشیدگی میں کمی کیلئے مل کر کام کرنے، تحمل کا مظاہرہ کرنے اور بحرانوں کا حل بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے تلاش کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مکہ معاہدے کے تحت تعاون کو مزید ادارہ جاتی شکل دینے پر بھی اتفاق ہوا ہے، جس میں باہمی یکجہتی اور دفاعی تعاون شامل ہیں۔

طاہر اندرابی کے مطابق سعودی عرب میں تین ملکی تعاون کیلئے سیکرٹری جنرل کا انتظام قائم کیا جائے گا، جبکہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ صنعتی تعاون، مشترکہ ٹیکنالوجی کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیں گے۔

ترجمان نے کہا کہ تینوں ممالک کی مسلح افواج بھی علاقائی امن اور استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے ہم منصبوں، شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں، جبکہ استنبول میں ترکیہ کے وزیر دفاع سے بھی ملاقات ہوئی۔

طاہر اندرابی کے مطابق مختلف اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے امن، تحمل، مذاکرات اور سفارت کاری کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد مفاہمت کو علاقائی دیرپا امن و استحکام کیلئے سب سے قابلِ عمل راستہ سمجھتا ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ پاکستان آئندہ سال شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی سربراہی کے دوران اسلام آباد میں تنظیم کے سربراہی اجلاس کی میزبانی بھی کرے گا۔

مزید خبریں

Back to top button