مدھوبالا کی زندگی پر فلم بنے گی، سارا ارجن لیجنڈری اداکارہ کا کردار نبھائیں گی

ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی فلمساز سنجے لیلا بھنسالی سے وابستہ مدھوبالا کی زندگی پر بننے والی بایوپک میں اداکارہ سارا ارجن مرکزی کردار ادا کریں گی، جبکہ فلم کی ہدایت کاری ’’ڈارلنگز‘‘ کی ڈائریکٹر جسمیت کے رین کریں گی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فلم کا تاحال کوئی حتمی نام سامنے نہیں آیا، تاہم اس کی شوٹنگ ستمبر 2026 میں شروع ہونے کی توقع ہے۔ فلم کی تیاری سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’’لو اینڈ وار‘‘ کی شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد شروع کی جائے گی۔

رپورٹس کے مطابق بایوپک کی شوٹنگ ممبئی کے رائل پامس اور گوریگاؤں میں کی جائے گی، جہاں اس وقت ’’لو اینڈ وار‘‘ کی شوٹنگ جاری ہے۔ ’’لو اینڈ وار‘‘ کی شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد اسی لوکیشن کو مدھوبالا کی زندگی کے مختلف ادوار کی عکاسی کے لیے تبدیل کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق سارا ارجن نے مدھوبالا کا کردار ادا کرنے کے لیے تیاری شروع کردی ہے۔ فلم کی ٹیم لیجنڈری اداکارہ کی شخصیت، اندازِ گفتگو اور ان کے دور کے ماحول کو دوبارہ تخلیق کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

فلم کے اسکرین پلے اور دیگر کاسٹ کے حوالے سے فی الحال مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔ اگرچہ سنجے لیلا بھنسالی اس منصوبے سے وابستہ ہیں، تاہم ہدایت کاری کی ذمہ داری جسمیت کے رین سنبھالیں گی۔

مدھوبالا کا شمار بھارتی سنیما کی مقبول ترین اور بااثر اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ ان کا فلمی کیریئر 1942 سے 1964 تک جاری رہا اور انہوں نے ’’مغلِ اعظم‘‘، ’’چلتی کا نام گاڑی‘‘، ’’مسٹر اینڈ مسز 55‘‘ اور ’’برسات کی رات‘‘ سمیت متعدد کامیاب فلموں میں اداکاری کی۔

فلم ’’مغلِ اعظم‘‘ میں انارکلی کا کردار مدھوبالا کی سب سے یادگار پرفارمنسز میں شمار ہوتا ہے۔ وہ 36 برس کی عمر میں 1969 میں انتقال کرگئی تھیں۔

مزید خبریں

Back to top button