پاکستان میں ایل این جی وافر ہوگی!قطر نے نئی آفر کردی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان نے فی الحال ایل این جی اسپاٹ کارگوز کی خریداری نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان کو قطر سے مزید سستی ایل این جی ملنے کی امید ہے، جس کے باعث پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (پی ایل ایل) نے عالمی مارکیٹ میں موصول ہونے والی کم ترین بولیاں بھی مسترد کر دی ہیں۔پی ایل ایل نے بی پی سنگاپور اور ٹوٹل انرجیز کی جانب سے دی گئی کم ترین بولیوں کو مسترد کیے جانے سے متعلق آگاہ کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق پاکستان کو قطر سے طویل مدتی معاہدے کے تحت مزید سستی ایل این جی ملنے کے امکانات ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کو قطر سے 2 ایل این جی کارگوز ’’ٹرم کنٹریکٹ‘‘ ریٹ پر ملنے کی توقع ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ قطر سے ایل این جی برینٹ خام تیل کی قیمت کے 13.37 فیصد نرخ پر مل سکتی ہے، جبکہ قطر کی جانب سے ایل این جی کارگوز کی دستیابی کے مثبت اشارے بھی موصول ہوئے ہیں۔



