پاکستان کی سفارتی سرگرمیاں تیز، لیبیا کے متحارب دھڑوں میں بھی ثالثی کی کوششیں شروع

لندن(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان نے ایران  اور امریکاکے بعد لیبیا کے متحارب دھڑوں میں بھی ثالثی کی کوششیں شروع کردیں۔

برطانوی میڈیا نے پاکستانی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان نے لیبیا کی مشرقی اور مغربی قیادت کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنا شروع کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اگر یہ کوشش کامیاب ہوئی تو اس سے عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتی اہمیت مزید بڑھ سکتی ہے۔

لیبیا 2011 میں نیٹو کی حمایت سے ہونے والی بغاوت اور معمر قذافی کے اقتدار کے خاتمے کے بعد سے مشرقی اور مغربی انتظامیہ میں تقسیم ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان کی یہ کوشش ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کئی ماہ سے امریکا بھی لیبیا کے سیاسی بحران کے سفارتی حل کے لیے سرگرم ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس سال امریکا اور  ایران کے درمیان ہونے والی سفارتی کوششوں میں بھی اہم کردار ادا کر چکا ہے جس کا اعتراف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ بھی کر چکی ہے۔  رپورٹ میں پاکستانی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیاکہ لیبیا سے متعلق پاکستان کے کردار سے امریکا مکمل طور پر آگاہ ہے۔

برطانوی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں پاکستانی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ اس مفاہمتی عمل کو سعودی عرب کی حمایت بھی حاصل ہے۔

رپورٹ کے مطابق ثالثی کی یہ کوششیں گزشتہ سال کے آخر میں شروع ہوئیں اور لیبیا کے دونوں متحارب فریقوں نے پاکستان سے کردار ادا کرنے کی درخواست کی تھی۔

مزید خبریں

Back to top button