میسی کا ایک اور بڑا کارنامہ، انٹر میامی نے پہلی بار کیمپیونز کپ جیت لیا

میامی (جانو ڈاٹ پی کے) ارجنٹینا کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے ایک اور اہم اعزاز اپنے نام کرلیا، ان کی ٹیم انٹر میامی نے کروث آزول کو 2-0 سے شکست دے کر پہلی مرتبہ کیمپیونز کپ کا ٹائٹل جیت لیا۔
فائنل میں لیونل میسی نے انٹر میامی کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے میچ کے 24ویں منٹ میں شاندار گول اسکور کیا جبکہ ایک اور گول میں معاونت بھی فراہم کی۔
اس گول کے ساتھ ہی میسی نے انٹر میامی کی جانب سے اپنے 100 گول بھی مکمل کرلیے اور وہ کلب کی تاریخ میں یہ سنگ میل عبور کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔
کیمپیونز کپ کے گزشتہ تین ایڈیشنز میں میکسیکن ٹیمیں ٹائٹل جیتنے میں کامیاب رہی تھیں، تاہم اس مرتبہ انٹر میامی نے کروث آزول کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔
میسی کی شاندار کارکردگی نے ایک مرتبہ پھر انہیں انٹر میامی کی کامیابی کا مرکزی کردار بنا دیا، جبکہ تاریخی ٹائٹل نے امریکی کلب کی تاریخ میں بھی ایک نیا باب رقم کردیا۔



