ورلڈ کپ ٹرافی کیساتھ لامین یامال اور بھائی کینے سوشل میڈیا پر چھا گئے

ہیوسٹن(جانوڈاٹ پی کے)اسپین کے نوجوان فٹبالر لامین یامال نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کی فتح کا جشن اپنے تین سالہ بھائی کینے کے ساتھ منایا، جس کی دلکش ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔

ورلڈ کپ کے دوران جہاں لامین یامال اپنی شاندار کارکردگی کے باعث توجہ کا مرکز رہے، وہیں ان کے کم عمر بھائی کینے بھی میدان سے باہر اپنی معصوم حرکات کے ذریعے دنیا بھر کے شائقین کی توجہ حاصل کرتے رہے۔

اتوار کو ہونے والے فائنل میں اسپین نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ارجنٹینا کو 0-1 سے شکست دے کر دوسری بار فیفا ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا، جس کے بعد کھلاڑیوں، مداحوں اور لامین یامال کے ننھے بھائی کینے نے بھرپور انداز میں جشن منایا۔

فتح کے بعد ان کی خوشی کے کئی مناظر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئے ہیں۔

ہسپانوی فٹبالر فیران ٹوریس نے اضافی وقت میں فیصلہ کن گول کر کے دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کو شکست دی، جس کے بعد اسپین ایک بار پھر عالمی چیمپئن بن گیا۔

میچ کے بعد فیران ٹوریس نے اپنی جیت کو ہسپانوی عوام کے نام کیا اور کہا کہ یہ گول اسپین کے 4 کروڑ 70 لاکھ عوام نے کیا ہے۔

دوسرے ہاف میں متبادل کھلاڑی کے طور پر میدان میں آنے والے فیران ٹوریس نے اضافی وقت کے 106ویں منٹ میں پنالٹی ایریا میں اچھلتی ہوئی گیند پر شاندار بائیں پاؤں کا شاٹ کھیلتے ہوئے گیند کو کراس بار کے نیچے جال میں پہنچایا، جو میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول ثابت ہوا۔

مزید خبریں

Back to top button