لاہور ہائیکورٹ کا اہم فیصلہ: آٹسٹک بچی کے نان و نفقہ میں تبدیلی کی دونوں درخواستیں مسترد

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) لاہور ہائیکورٹ نے آٹزم سے متاثرہ بچی کے نان و نفقہ سے متعلق کیس میں بڑا فیصلہ سناتے ہوئے دونوں فریقین کی درخواستیں مسترد کر دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس عابد حسین چٹھہ نے علیہا نورالامین مینگل کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کیا، جس میں فیملی کورٹ کے اس فیصلے کو برقرار رکھا گیا جس کے تحت بچی کا ماہانہ خرچہ ایک لاکھ روپے مقرر کیا گیا تھا۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ آٹسٹک بچوں کے علاج اور تعلیم پر عام بچوں کے مقابلے میں زیادہ اخراجات آتے ہیں، اس لیے خرچہ بڑھایا جائے، جبکہ والد کی جانب سے اسے کم کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔
عدالت نے قرار دیا کہ فیملی کورٹ اور اپیل کورٹ نے تمام حقائق اور مالی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد مناسب فیصلہ کیا ہے، اور ہائیکورٹ آئینی درخواست میں ان فائنڈنگز میں مداخلت نہیں کر سکتی۔



