ایرانی حملوں کے بعد کویت ایئرپورٹ پر پروازیں معطل، فضائی دفاعی نظام ہائی الرٹ

کویت سٹی(ویب ڈیسک) ایرانی حملوں کے تازہ دعوؤں کے بعد کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آمد و رفت کی تمام پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں، جبکہ ملک کا فضائی دفاعی نظام ہائی الرٹ پر ہے۔

کویت ایئرویز نے نئی اطلاع میں کہا ہے کہ موجودہ سکیورٹی صورتحال کے باعث ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمد اور روانگی عارضی طور پر روک دی گئی ہے۔ اس سے قبل قومی فضائی کمپنی نے بتایا تھا کہ فضائی حدود بند ہونے کے باعث بیشتر پروازوں کا شیڈول تبدیل کر کے دوبارہ ترتیب دیا جا رہا ہے۔

ایئرلائن کے مطابق مسافروں کو ہر نئی پیش رفت سے آگاہ رکھنے کے لیے بکنگ میں درج موبائل نمبروں پر نوٹیفکیشن اور ٹیکسٹ پیغامات بھیجے جائیں گے۔

دوسری جانب ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی بحری فورس نے کویت کی الاحمدی بندرگاہ پر امریکی بحری بیڑے کو ایندھن فراہم کرنے والی تنصیب کو نشانہ بنایا، جبکہ بحرین میں شیخ عیسیٰ ایئر بیس پر امریکی جنگی طیاروں کے اجتماع کے مقام پر بھی ڈرون اور میزائل حملے کیے گئے۔

ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ایران نے بحرین میں امریکی انٹیلیجنس کے ڈیٹا سینٹر بیٹیلکو اور کویت میں امریکی سگنلز و ٹیلی کمیونی کیشنز کے ایک مرکز کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

ادھر الجزیرہ کے مطابق کویت میں آنے والے میزائلوں کو روکنے کی کارروائی کے دوران چوتھی مرتبہ فضائی حملے کے سائرن بج اٹھے۔

کویتی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ اس کا فضائی دفاعی نظام اس وقت ایران کی جانب سے آنے والے میزائلوں اور ڈرون حملوں کا مقابلہ کر رہا ہے۔ فوج نے شہریوں کو آگاہ کیا کہ اگر دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں تو وہ فضائی دفاعی نظام کی دفاعی کارروائیوں کا نتیجہ ہو سکتی ہیں۔

واضح رہے کہ ایرانی حملوں سے متعلق متعدد دعوؤں پر آزاد ذرائع سے مکمل تصدیق سامنے نہیں آئی، جبکہ متعلقہ فریقوں کی جانب سے صورتحال پر مختلف مؤقف سامنے آ رہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button