کے پی پولیس میں بڑی تبدیلی: انویسٹی گیشن اور آپریشن ونگز الگا الگ کرنے کا اعلان

پشاور (جانوڈاٹ پی کے)خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں کرمنل جسٹس سسٹم کی شفافیت اور بہتری کے لیے پولیس نظام میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کا حتمی فیصلہ کرتے ہوئے انویسٹی گیشن (تفتیش) اور آپریشن ونگز کو مکمل طور پر الگ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم نے بتایا کہ انویسٹی گیشن ونگ کو اے آئی جی سے لے کر ضلعی، ریجنل اور صوبائی سطح تک بالکل الگ اور خودمختار کمانڈ سٹرکچر دیا جائے گا۔
تفتیشی ونگ کو کامل مالی اور انتظامی خودمختاری فراہم کی جائے گی تا کہ بلا خوف و خطر اور بغیر کسی دباؤ کے معیاری تفتیش ممکن ہو سکے۔
پولیس ایکٹ ترمیمی بل کا مسودہ جلد حتمی شکل اختیار کر لے گا جس کے بعد یہ نیا نظام باضابطہ لاگو کر دیا جائے گا۔
حکومت پراسیکیوشن کے نظام کو مزید مضبوط بنا رہی ہے اور ناقص کارکردگی کی صورت میں سخت جوابدہی اور ذمہ داری کا تعین کیا جائے گا۔
آزاد تفتیشی نظام سے عدالتی مقدمات میں ملزمان کی بریت کی شرح کم ہوگی، جس کا بنیادی مقصد جدید پولیسنگ کے ذریعے مجرموں کو قرار واقعی سزا دلوانا اور عوام کو فوری انصاف فراہم کرنا ہے۔



