خیبر پختونخوااسمبلی کاسٹیڈیم میں اجلاس،عمران خان،بشریٰ بی بی،افغانستان کی صورتحال پرقراردادیں منظور

پشاور(جانوڈاٹ پی کے )پشاور کے عمران خان سٹیڈیم میں اسپیکر بابر سواتی کی صدارت میں صوبائی اسمبلی کا اجلاس ہوا۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس تین گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا جبکہ پی ٹی آئی کارکنان کی بڑی تعداد ایوان کی کارروائی دیکھنے آئی تو اسٹیڈیم کے دروازے بند کردیے گئے۔کے پی اسمبلی نے بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کے مقدمات کے فوری سماعت کی قرارداد اکثریت سے منظور کرلی۔ قرارداد میں لکھا گیا کہ یہ ایوان عدالت عظمی سے مطالبہ کرتا ہے کہ بانی اور اہلیہ کے خلاف دائر تمام مقدمات کی سماعت میرٹ پر شروع کی جائے، سماعت کی تاخیر بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔متن میں لکھا گیا کہ مقدمات میں تاخیر بنیادی انصاف کے حصول کے منافی ہے، مقدمات روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی جائے اور فیصلہ کیا جائے۔ اس کے علاوہ قرارداد میں ملک میں سیاسی استحکام اور قانون کی بالادستی کے لئے بانی پی ٹی آئی کے مقدمات کی فوری سماعت کو بھی ضروری قرار دیا گیا۔کے پی اسمبلی نے بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ سے ملاقات پر عائد پابندی اور طبی سہولیات کی عدم فراہمی کے خلاف قرارداد اکثریت سے منظور کرلی۔یہ قرار داد حکومتی رکن افتخار اللہ جان نے پیش کی۔ جس میں مطالبہ کیا گیا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کو ہر قسم کی طبی سہولیات فراہم کی جائیں، دونوں کو قید تنہائی سے نکال کر فیملی سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔رائے شماری کے دوران ایوان نے قرارداد اکثریت سے منظور کی۔

حکومتی رکن اسمبلی طفیل انجم کی جانب سے افغانستان کی صورتحال پر قراداد پیش کی گئی جس میں کہا گیا کہ افغانستان کے ساتھ مذاکرات کیے جائیں تاکہ غلط فہمی کا خاتمہ ہو سکے، دونوں ممالک کے مابین تجارت کو جلد بحال کیا جائے۔قرارداد میں کہا گیا کہ کشیدگی کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان 2 ارب ڈالر کی تجارت متاثر ہو رہی ہے اس کی بحالی کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں۔متن میں لکھا گیا کہ دونوں ممالک کے مابین کشیدگی سے خیبرپختونخوا متاثر ہو رہا ہے، افغانستان سے بھی مطالبہ کیا جاتا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کرے۔

مزید خبریں

Back to top button