کوہاٹ آپریشن: دہشتگردوں کا ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی پر دستی بم حملہ، معمولی زخمی

پشاور (جانوڈاٹ پی کے) کوہاٹ پولیس لائن پر خودکش حملے کے بعد فتنہ الخوارج کے خلاف سکیورٹی فورسز اور پولیس کا آپریشن جاری ہے، جس کے دوران دہشتگردوں نے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی پر دستی بم سے حملہ کردیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق کوہاٹ میں جاری آپریشن کے دوران متعدد دہشتگرد ہلاک کیے جا چکے ہیں، جبکہ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی خود فرنٹ لائن سے کارروائی کی نگرانی کر رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں نے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کو دستی بم سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ان کے ہاتھ پر معمولی زخم آیا۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد ایڈیشنل آئی جی دوبارہ فرنٹ لائن پر پہنچ گئے اور جوانوں کے ہمراہ آپریشن کی نگرانی جاری رکھی۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کی موقع پر موجودگی سے جوانوں کے حوصلے بلند ہیں، آپریشن کے ذریعے دہشتگردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
واضح رہے کہ کوہاٹ پولیس لائن کے قریب خودکش حملے میں 15 پولیس اہلکاروں سمیت 23 افراد شہید ہوئے تھے، جبکہ مقابلے میں 7 دہشتگرد بھی مارے گئے۔ ریسکیو حکام نے مزید 2 اہلکاروں کی لاشیں ملبے سے نکال کر کوہاٹ ہسپتال منتقل کیں، جبکہ شہدا کی نماز جنازہ بھی ادا کردی گئی۔



