پنجاب میں بسنت کی واپسی! اگلے سال پورے صوبے میں پتنگیں اڑانے کا بڑا فیصلہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پنجاب میں بسنت کے تہوار کی واپسی کی تیاریاں شروع ہوگئیں، صوبائی حکومت نے آئندہ سال پورے پنجاب میں بسنت منانے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق لاہور کے علاوہ پنجاب کے دیگر بڑے شہروں میں بھی بسنت بھرپور انداز میں منانے کی تیاریاں کی جائیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے بسنت کے محفوظ اور منظم انعقاد کے لیے ابتدائی انتظامی پلان بھی تیار کرلیا ہے، جس کے تحت مخصوص مقامات پر پتنگ سازی کی اجازت دینے کی تجویز زیر غور ہے۔
اکتوبر سے پتنگ اور ڈور کی تیاری شروع ہونے کا امکان
ذرائع کے مطابق رواں سال اکتوبر سے پتنگوں اور ڈور کی تیاری و پروڈکشن شروع کی جائے گی، جبکہ حکومت کی جانب سے اس حوالے سے قواعد و ضوابط مرتب کیے جائیں گے تاکہ بسنت کے دوران حفاظتی تقاضوں کو یقینی بنایا جاسکے۔
بسنت کے تہوار کے محفوظ انعقاد کے لیے پنجاب حکومت باقاعدہ قانون سازی بھی کرے گی۔ ذرائع کے مطابق پتنگ بازی سے متعلق حفاظتی اقدامات، ممنوعہ ڈور اور دیگر ضروری ضوابط کو قانون کا حصہ بنایا جائے گا۔
جنوری کے آخری ہفتے میں بسنت کا امکان
ذرائع کے مطابق آئندہ سال جنوری کے آخری ہفتے میں صوبہ بھر میں منظم انداز سے بسنت منانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ تاہم بسنت کے لیے مخصوص مقامات، اجازت شدہ سرگرمیوں اور حفاظتی قواعد و ضوابط کی حتمی تفصیلات کا اعلان حکومت کی جانب سے جلد متوقع ہے۔
لاہور کے ساتھ ساتھ دیگر بڑے شہروں میں بھی بسنت کے انعقاد کی تجویز نے شہریوں میں خاصی دلچسپی پیدا کردی ہے۔ حکومت کی جانب سے کوشش کی جارہی ہے کہ ثقافتی تہوار کو محفوظ انداز میں منایا جائے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے سخت حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔
بسنت کی واپسی، شہریوں میں جوش و خروش
بسنت پنجاب کی ثقافتی روایات میں ایک نمایاں مقام رکھتی ہے، تاہم ماضی میں پتنگ بازی کے دوران خطرناک ڈور اور دیگر حفاظتی خدشات کے باعث اس پر پابندیاں عائد کی جاتی رہی ہیں۔
اب پنجاب حکومت کی جانب سے دوبارہ بسنت کے انعقاد کی اصولی منظوری کی اطلاعات نے شہریوں میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
پتنگیں کہاں اڑیں گی؟ ڈور کیسی ہوگی؟ کن مقامات پر بسنت کی اجازت ہوگی؟ اور خلاف ورزی پر کیا کارروائی ہوگی؟ ان تمام سوالات کے جوابات حکومت کی جانب سے قواعد و ضوابط اور نامزد مقامات کے باضابطہ اعلان کے بعد سامنے آئیں گے۔
پنجاب میں بسنت کی واپسی کا فیصلہ حتمی شکل اختیار کرتا ہے تو آئندہ جنوری میں صوبے کے آسمان ایک بار پھر رنگ برنگی پتنگوں سے سجنے کا امکان ہے۔



