کسان کارڈ منصوبہ کامیاب، 8 لاکھ سے زائد کاشتکار مستفید، 86 فیصد قرضوں کی ریکوری مکمل

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب میں کسان کارڈ منصوبہ زرعی شعبے کی ترقی اور کاشتکاروں کی مالی معاونت کے حوالے سے اہم سنگِ میل ثابت ہو رہا ہے، جہاں 8 لاکھ 32 ہزار سے زائد کسانوں کو کسان کارڈ جاری کیے جا چکے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 832 ہزار کاشتکار مجموعی طور پر 254 ارب روپے کے زرعی قرضوں اور مالی سہولیات سے استفادہ کر چکے ہیں، جس سے زرعی پیداوار میں اضافے اور جدید کاشتکاری کے فروغ میں مدد ملی ہے۔
گندم کے سیزن کے دوران کسان کارڈ کے ذریعے کاشتکاروں نے 100 ارب روپے مالیت کے زرعی مداخل خریدے، جبکہ خریف سیزن کے لیے 90 ارب روپے کی مالی سہولت فراہم کی گئی۔ اسی طرح 3 لاکھ کسانوں نے کسان کارڈ کے ذریعے 30 ارب روپے کے زرعی مداخل حاصل کیے۔
اعداد و شمار کے مطابق 5 لاکھ 38 ہزار کاشتکاروں سے 67 ارب روپے کی وصولی متوقع تھی، جن میں سے 86 فیصد رقم وصول کی جا چکی ہے، جبکہ کسان 57 ارب روپے کی اقساط بروقت ادا کر چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ کسان کارڈ کے ذریعے پنجاب کے کاشتکاروں کی زندگی میں مثبت تبدیلی آ رہی ہے اور انہیں مالی خودمختاری کی جانب گامزن کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کا کسان اب آڑھتیوں کے چنگل سے نکل کر باعزت اور خودمختار زندگی گزار سکے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کاشتکاروں کو خوشحال اور معاشی طور پر مضبوط دیکھنا ان کے ویژن کا اہم حصہ ہے۔
مریم نواز شریف نے قرضوں کی بروقت ادائیگی پر کاشتکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں نے ذمہ داری اور اعتماد کی ایک بہترین مثال قائم کی ہے، جو زرعی شعبے کی مضبوطی کے لیے حوصلہ افزا ہے۔



