خطبہ حج میں اتحادِ امت، تقویٰ اور صبر پر زور، شیخ علی الحذیفی کی عالم اسلام کیلئے خصوصی دعائیں

مکہ مکرمہ (جانوڈاٹ پی کے) مسجد نبویؐ کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر علی الحذیفی نے خطبہ حج دیتے ہوئے امتِ مسلمہ کو تقویٰ، صبر، اتحاد اور اللہ تعالیٰ سے مضبوط تعلق قائم رکھنے کی تلقین کی۔

مسجد نبوی کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر علی الحذیفی نے کہا کہ تقویٰ اختیار کرنا اہل ایمان کی شان ہے، اللہ تعالیٰ سے ڈرو، اپنے عہد کی پاسداری کرو اور کسی کو اللہ کا شریک نہ ٹھہراؤ۔

خطبے میں انہوں نے زور دیا کہ صرف اللہ تعالیٰ کی عبادت کی جائے اور توحید پر عمل کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب اہل ایمان کے سامنے اللہ کی آیات پڑھی جاتی ہیں تو ان کے دل نرم پڑ جاتے ہیں۔

شیخ علی الحذیفی نے کہا کہ حضرت محمد اللہ تعالیٰ کے آخری رسول اور خاتم النبیین ہیں۔ انہوں نے مسلمانوں کو ہر مصیبت میں صبر اختیار کرنے کی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے صبر کرنے والوں کیلئے اجر عظیم کا وعدہ فرمایا ہے۔

خطبہ حج میں کہا گیا کہ اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا شکر ادا کیا جائے کیونکہ ظلم اور ناشکری کرنے والی قوموں سے نعمتیں چھین لی جاتی ہیں۔ انہوں نے حجاج کرام کو ہدایت کی کہ حج کے دوران لڑائی جھگڑے اور ہر ایسے عمل سے بچیں جو امت کے اتحاد کو نقصان پہنچائے۔

انہوں نے سچ بولنے، غیبت اور بدعت سے دور رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ حجاج کرام مناسکِ حج بہترین انداز میں ادا کریں، ہر وقت مغفرت کی دعا مانگیں اور اللہ کے ذکر و عبادت میں مصروف رہیں۔

خطبے کے اختتام پر شیخ علی الحذیفی نے امت مسلمہ، مسلمانوں کی بھلائی، ہدایت اور گناہوں کی مغفرت کیلئے خصوصی دعائیں بھی کیں۔

مزید خبریں

Back to top button