سیالکوٹ میں ترقیاتی منصوبوں کا نیا دور شروع ہوگا، دھکے کے بغیر پاکستان میں کوئی چیز نہیں چلتی، خواجہ آصف

سیالکوٹ(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ "پاکستان میں دھکے کے بغیر کوئی چیز نہیں چلتی، سیاست دانوں اور انتظامیہ کو مل کر کام کرنا ہوگا”، جبکہ سیالکوٹ کے لیے متعدد بڑے ترقیاتی منصوبوں پر جلد عملی پیش رفت کا اعلان بھی کیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ سیالکوٹ رنگ روڈ کے پہلے مرحلے پر جلد کام شروع کیا جائے گا، جبکہ کھاریاں۔راولپنڈی موٹروے منصوبہ بھی عملی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جس سے شہر میں انقلابی تبدیلی آئے گی اور سیالکوٹ کی معاشی اہمیت مزید بڑھے گی۔

انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں سے شہر کی متعدد یونین کونسلیں براہِ راست مستفید ہوں گی اور علاقے کی ترقی کا نیا باب شروع ہوگا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پہلے سے منظور شدہ منصوبوں پر فوری عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

وزیر دفاع کے مطابق کھاریاں۔راولپنڈی موٹروے کے تقریباً 205 ارب روپے مالیت کے منصوبے کا ٹھیکہ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (FWO) کو دیا جا چکا ہے، جبکہ دریائے چناب پر پل کی تعمیر بھی آخری مراحل میں ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ماضی میں سیالکوٹ کو جی ٹی روڈ سے براہِ راست نہ جڑے ہونے کی وجہ سے نظر انداز کیا جاتا تھا، تاہم سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے شہر کو موٹروے سے منسلک کر کے اس محرومی کا ازالہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ رنگ روڈ کے پہلے مرحلے میں وزیرآباد روڈ، ڈسکہ روڈ، پسرور روڈ اور کشمیر روڈ کو آپس میں منسلک کیا جائے گا، جس سے ٹریفک کے مسائل میں کمی اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مالی دباؤ کے باوجود سیالکوٹ کے ترقیاتی منصوبوں کو مؤخر نہیں کیا، جس پر اہلِ سیالکوٹ ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت اور وزیراعظم کا بھی موٹروے منصوبے کی منظوری پر شکریہ ادا کیا۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ کھاریاں۔راولپنڈی موٹروے کی منظوری اور فنڈز کی فراہمی میں عسکری قیادت نے بھی اہم کردار ادا کیا، کیونکہ یہ منصوبہ معاشی ترقی کے ساتھ قومی دفاع کے لیے بھی اہم ہے۔ ان کے مطابق رنگ روڈ شہر کی صنعت، برآمدی شعبے، ایئرپورٹ اور موٹروے کو باہم جوڑنے میں اہم کردار ادا کرے گا، جبکہ ٹریفک کے بہاؤ میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔

مزید خبریں

Back to top button