ریاست سے وفاداری ہر شہری کی اولین ذمہ داری ہے، خواجہ آصف

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے آزاد کشمیر کی حالیہ صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست سے وفاداری اور آئین کی پاسداری ہر شہری کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ "بات چیت کی ابتدا ریاست سے وفاداری اور مکمل اطاعت سے ہوتی ہے”۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں بعض عناصر ایسے راستے پر گامزن ہیں جو ریاستی مفادات کے خلاف ہے، انہیں آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 5 کا مطالعہ کرنا چاہیے جو ریاست کے ساتھ غیر متزلزل وفاداری کا تقاضا کرتا ہے۔
وزیر دفاع نے اپنے بیان میں قرآنِ مجید کی ایک آیت کا حوالہ دیتے ہوئے ریاستی نظم و ضبط، قانون کی بالادستی اور قومی یکجہتی کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ ملکی استحکام اور امن کے لیے ان اصولوں پر عمل ناگزیر ہے۔
خواجہ آصف کی یہ پوسٹ آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی و سماجی صورتحال کے تناظر میں سامنے آئی ہے، جس پر مختلف حلقوں کی جانب سے تبصرے اور ردعمل کا سلسلہ جاری ہے۔



