قصور: معمولی تلخ کلامی پر بھائی نے بھائی کو قتل کر دیا

قصور (جانوڈاٹ پی کے) قصور کے تھانہ گنڈا سنگھ کے علاقے ساندہ چستانہ میں معمولی تلخ کلامی ایک افسوسناک سانحے میں تبدیل ہوگئی، جہاں چھوٹے بھائی نے مبینہ طور پر اپنے بڑے بھائی کو چھریوں کے وار کرکے قتل کر دیا۔

پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت ساجد ایڈووکیٹ کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دونوں حقیقی بھائیوں کے درمیان معمولی تلخ کلامی ہوئی، جس کے کچھ دیر بعد گھر کے قریب دوبارہ آمنا سامنا ہونے پر ملزم نے مبینہ طور پر چھریوں کے پے در پے وار کر کے اپنے بڑے بھائی کو قتل کر دیا۔

اہلِ علاقہ کے مطابق مقتول ساجد ایڈووکیٹ اپنے خاندان، حتیٰ کہ مبینہ ملزم سمیت اہل خانہ کے واحد کفیل تھے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی، لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دیا گیا جبکہ شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگیا، جس کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ واقعے کے محرکات اور دیگر پہلوؤں کی بھی تفتیش جاری ہے۔

مزید خبریں

Back to top button