سی ٹی ڈی اور حساس ادارے کی کراچی میں بڑی کارروائی،2 دہشتگرد گرفتار

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی سندھ کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت اللہ ڈنو اور فراز احمد عرف طوطو کے نام سے ہوئی ہے، دونوں کا تعلق کالعدم سندھودیش ریوولیوشن آرمی سے بتایا گیا ہے۔

حکام کے مطابق ملزمان کو کراچی کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ، 10 رول نما بم اور 8 سیفٹی فیوز بھی برآمد ہوئے ہیں۔

سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم فراز احمد عرف طوطو حساس تنصیبات پر حملوں کی منصوبہ بندی سمیت مختلف مقدمات میں مطلوب تھا۔ دورانِ تفتیش ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف بھی کیا۔

حکام کے مطابق ملزم صدر کراچی میں چائنیز ڈینٹل کلینک پر فائرنگ کے واقعے میں بھی ملوث تھا جس میں ایک ڈاکٹر جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوئے تھے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ سہولت کاروں کی تلاش بھی شروع کر دی گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button