ڈِيپلو کے قریب ڈونڈڑی سکول کی خبر منظرِ عام پر آنے کے بعد نیا تنازع،بچوں کو اسکول آنے سے روکنے اور دھمکیوں کےالزامات

تھرپارکر(رپورٹ:میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے)تعلقہ ڈِيپلو کے گاؤں ڈونڈڑی میں سرکاری اسکول سے متعلق خبر نمایاں ہونے کے بعد صورتحال مزید تشویشناک ہو گئی ہے۔ گاؤں والوں کی جانب سے کے این این کو دی گئی اطلاعات کے مطابق گزشتہ دو روز سے بچوں کو اسکول آنے نہیں دیا جا رہا، جبکہ کچھ افراد چوبیس گھنٹے اسکول کے اندر چارپائیاں لگا کر بیٹھے ہوئے ہیں۔
گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ جس بچی نے اسکول کی صورتحال سے متعلق ویڈیو بھیجی تھی، اسے مبینہ طور پر سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں، جس کے باعث علاقے میں خوف اور بے چینی کی فضا پھیل گئی ہے۔
مقامی رہائشیوں نے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ تعلیم، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام فوری طور پر معاملے کا نوٹس لیں، اسکول کا ماحول بحال کرائیں، بچوں کی تعلیم کو یقینی بنائیں اور طلبہ سمیت ان کے والدین کو تحفظ فراہم کیا جائے۔



