لبنان میں اسرائیلی فوج کی گاڑی دھماکے سے اُڑادی گئی،ایک فوجی ہلاک اور7زخمی

بیروت(جانوڈاٹ پی کے)امریکا اور ایران کے درمیان مشرقِ وسطیٰ میں جنگ بندی اور کشیدگی کم کرنے کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کے ایک روز بعد بھی جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج اور حزب اللہ کے درمیان جھڑپیں جاری رہیں۔اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ جنوبی لبنان میں دریائے لیتانی کے قریب گشت کے دوران حزب اللہ کے نصب کردہ بارودی دھماکے میں ملٹری وہیکل تباہ ہوگئی۔اسرائیلی فوج کے ترجمان نے مزید بتایا کہ اس حملے میں ایک فوجی ہلاک جبکہ7اہلکار زخمی ہوگئے جن میں2سینئر افسران بھی شامل ہیں۔زخمیوں میں سے3کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ہلاک ہونے والے فوجی کی شناخت29سالہ ماسٹر سارجنٹ الیگزینڈر فلن کے نام سے ہوئی ہے جو36ویں ڈویژن کے ہیڈکوارٹر سے وابستہ تھے اور شمالی اسرائیل کے شہر حیفا کا رہائشی تھا۔زخمیوں میں ڈویژن کے نائب کمانڈر، 556ویں ٹرانسپورٹ رجمنٹ کے بٹالین کمانڈر، ایک رضاکار اہلکار اور 4 فوجی شامل ہیں جن میں ایک خاتون بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔دھماکے کے فوراً بعد اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر توپ خانے سے گولہ باری کی۔ ایک گاڑی پر اسرائیلی ڈرون حملے میں ایک شخص ہلاک اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا تاہم اسرائیلی فوج نے اس حملے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔



