معرکہ ٔحق عوام،حکومت اورافواجِ پاکستان کے درمیان غیر متزلزل ہم آہنگی کی علامت ہے: فیلڈ مارشل

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے)کورکمانڈرز کانفرنس میں علاقائی کشیدگی سے بچاؤ اور تحمل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ خطے میں امن اور استحکام کا دارومدار باہمی تحمل، ذمہ داری اور خودمختاری کے احترام پر مبنی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی زیر صدارت 275ویں کور کمانڈر ز کانفرنس ہوئی جہاں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے معصوم شہریوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

بیان کے مطابق فورم نے شہدا کی بے مثال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اعادہ کیا کہ شہدا کی لازوال قربانیاں ہمیشہ پاکستان کی قومی سلامتی، اتحاد اور استقامت کی بنیاد بنی رہیں گی اور آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاکستان کی مسلح افواج کی تیاری، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی صلاحیتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے ملک بھر میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر جاری انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں کمانڈرز اور فارمیشنزکے عزم، مستعدی اور کامیابی کو سراہا۔

کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا کہ دہشت گرد نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے، ان کے معاون انفرا اسٹرکچر کی تباہی اور پاکستان کی سرزمین کو کسی بھی شر انگیز کارروائی سے روکنے کے لیے موجودہ آپریشنل رفتار برقرار رکھی جائے گی۔

فورم نے آپریشن غضب للحق کے ذریعے دہشت گردوں اور ان کے معاون انفرا اسٹرکچرکی مسلسل تباہی کا جائزہ لیا اور کہا گیا کہ افغان طالبان رجیم کی غیرمنطقی اورگمراہ کن پالیسی کے تحت خوارج اور دیگردہشت گرد تنظیموں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کی جارہی ہیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ افغان طالبان رجیم کی دہشت گردی کو سپورٹ افغان عوام کے مفادات کے مکمل برعکس ہے اور یہ رجیم اب اپنے عوام کے سامنے پوری طرح بے نقاب ہوچکی ہے، افغان طالبان حکومت حالیہ دنوں میں ایک مسلسل پروپیگنڈے کے تحت پاکستان پر افغانستان کے اندر شہریوں کو نشانہ بنانے کا جھوٹا الزام لگا رہی ہے، یہ گمراہ کن بیانیہ افغان طالبان حکومت کی ایک منظم ڈس انفارمیشن مہم کا حصہ ہے، جس کا مقصد اپنی اندرونی ناکامیوں سے توجہ ہٹانا اور خود کو مظلوم پیش کرنے کا ڈرامہ رچانا ہے۔

کورکمانڈرز کانفرس میں کہا گیا کہ پاکستان ان بے بنیاد الزامات کو واضح طور پر مسترد کر تا ہے اور واضح کرتا ہے کہ ہماری دفاعی کارروائیاں صرف دراندازوں، دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور معاون انفرا اسٹرکچر کے خلاف درست اہداف پر مبنی ہیں اور فورم نے علاقائی سلامتی کی صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے واضح کیا کہ ابھرتی ہوئی جیو پولیٹیکل پیش رفت علاقائی استحکام پر گہرا اثر ڈال سکتی ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کورکمانڈرز کانفرنس میں علاقائی کشیدگی سے بچاؤ اور تحمل اختیار کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا اور کہا گیا کہ پاکستان مسلسل ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے خطے میں استحکام کے فروغ اور صورت حال کو مزید خراب ہونے سے روکنے کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

فورم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ خطے میں امن اور استحکام کا دارومدار باہمی تحمل، ذمہ داری اور خودمختاری کے احترام پر مبنی ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ‘معرکہ حق’ کا یاد گار سال مکمل ہونے پر قوم اور مسلح افواج کو مبارک باد پیش کی اور اسے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا اور کہا کہ معرکہ حق قومی اتحاد، اجتماعی عزم اور پاکستان کی خودمختاری کی ہر قیمت پر تحفظ کے غیر متزلزل عہد کی عکاسی کرتا ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ قومی سطح پر معرکہ حق کی یاد منانا بھارتی متکبرانہ سیاسی سوچ کے لیے واضح پیغام ہے کہ پاکستانی قوم متحد، مضبوط اور ہر لحاظ سے مکمل طور پر تیار ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ معرکہ حق عوام، حکومت اور افواج پاکستان کے درمیان غیرمتزلزل ہم آہنگی کی علامت ہے، جو تمام اندرونی و بیرونی چیلنجز کے مدمقابل بنیان مرصوص کی مانند یکجا کھڑی ہیں۔

فورم نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری مظالم، ماورائے عدالت قتل اور آبادیاتی تبدیلیوں کی شدید مذمت کی اور مقبوضہ جموں و کشمیرکے عوام کی منصفانہ جدوجہد کے لیے پاکستان کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

کانفرنس کے اختتام پر آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے کمانڈروں کو ہدایت کی کہ وہ ابھرتے ہوئے خطرات کے پیش نظر مستعدی اور آپریشنل تیاری کی اعلیٰ سطح کو برقرار رکھیں۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پیشہ ورانہ مہارت کے تسلسل، مربوط ردعمل اور روایتی و غیر روایتی دونوں نوعیت کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قبل از اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

مزید خبریں

Back to top button