سی پیک پاکستان اور چین کے اقتصادی تعاون کا فلیگ شپ منصوبہ ہے، اسحاق ڈار

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری دونوں ممالک کو معاشی اور قانونی طور پر قریب لا رہی ہے۔
وزارت قانون کے تحت 4 روزہ بین الاقوامی تربیتی پروگرام سے خطاب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں صنعت کاری، زرعی ترقی اور اقتصادی شعبوں پر توجہ دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان اور چین کے اقتصادی تعاون کا فلیگ شپ منصوبہ ہے، دونوں ممالک کے تعلقات باہمی احترام، اعتماد اور بھائی چارے پر مبنی ہیں۔
نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاک چین تعلقات بین الاقوامی سفارتکاری میں ایک منفرد مثال ہیں، دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے بنیادی مفادات کا بھرپور ساتھ دیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان کی قیادت نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا، گزشتہ 75 برسوں میں باہمی شراکت داری ہر آزمائش پر پورا اتری۔
اسحاق ڈار نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان 47 سال بعد ثالث کے طور پر مذاکرات کروائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تنازع کے پائیدار حل کے لیے سفارتی کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہے، مذاکرات سے دونوں ملکوں کے درمیان جنگ بندی ممکن ہوئی۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ بعض ملکوں کی جانب سے معاہدوں کو التوا میں رکھنا انتہائی تشویش ناک ہے، عالمی اداروں کا احترام اور ان پر عمل درآمد عالمی امن کی ضمانت ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ آذربائیجان کے ساتھ ہمارے تعلقات مضبوط اور دوطرفہ بنیادوں پر استوار ہیں جبکہ بنگلادیش کے ساتھ ہمارے تعلقات گرمجوشی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔



