تہران سے لاہور آنے والی ایرانی خصوصی پرواز روک دی گئی، لینڈنگ کی اجازت نہ مل سکی


لاہور(جانوڈاٹ پی کے)ایوی ایشن ذرائع کے مطابق تہران سے لاہور آنے والی ایرانی ایئر لائن کی خصوصی پرواز کو لینڈنگ کی اجازت نہ ملنے کے باعث پرواز روانہ نہ ہو سکی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی ایئر لائن کی یہ خصوصی پرواز آج صبح لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ کرنا تھی، تاہم ضروری اجازت نامہ جاری نہ ہونے کی وجہ سے تہران سے طیارہ ٹیک آف نہیں کر سکا۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق ایران سے آنے والی مذکورہ پرواز کوئی معمول کی ریگولر فلائٹ نہیں بلکہ خصوصی پرواز ہے، جس کے لیے وزارت خارجہ یا وزیر خارجہ کی منظوری درکار ہوتی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایرانی حکومت کی جانب سے متعلقہ درخواست اور خط موصول ہو چکا ہے، تاہم وزارت خارجہ کی حتمی منظوری کے بعد ہی تہران سے لاہور آنے والی پرواز کو لینڈنگ کی اجازت دی جائے گی۔
حکام کے مطابق اجازت ملنے کی صورت میں خصوصی پرواز کو لاہور ایئرپورٹ پر آپریشن مکمل کرنے کی اجازت دی جائے گی۔