ایران کی امریکا کو سخت وارننگ، جوہری تنصیبات پر حملے کی صورت میں بھرپور جواب دینے کا اعلان


تہران(مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کی اعلیٰ مشترکہ عسکری کمان نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے ایرانی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا تو خطے میں موجود امریکا اور اس کے اتحادیوں کے مفادات کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق خاتم الانبیا بریگیڈ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران کی جوہری تنصیبات پر کسی بھی حملے کے نتیجے میں خطے میں جنگ کا دائرہ مزید وسیع ہو سکتا ہے اور اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نطنز کے پہاڑی علاقے میں واقع ایرانی جوہری مرکز پر حملے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ کارروائی جلد کی جا سکتی ہے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران اس ممکنہ حملے کو روکنے کے لیے کچھ نہیں کر سکے گا۔
نوٹ: یہ بیانات متعلقہ فریقین کے سرکاری مؤقف کی عکاسی کرتے ہیں، جبکہ موجودہ صورتحال میں کشیدگی سے متعلق دعووں اور بیانات کی آزادانہ تصدیق محدود ہے۔