ایران نے امریکی حملوں میں جاں بحق شہریوں کی تصاویر جاری کر دیں، امریکا پر جنگی جرم کا الزام

تہران(ویب ڈیسک) ایران نے ہرمزگان صوبے اور بندر خمیر میں مبینہ امریکی حملوں کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے شہریوں کی تصاویر جاری کرتے ہوئے امریکا پر ایک بار پھر جنگی جرائم کا الزام عائد کیا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے بندر خمیر میں امریکی حملے میں جاں بحق ہونے والے تین شہریوں کی تصاویر جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ تینوں افراد بندر خمیر کے پل سے گزر رہے تھے جب انہیں نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ان شہریوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور ایران اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔ ان کے بقول، "ایران جنوب سے شمال اور مشرق سے مغرب تک ہمارا وطن ہے، اور ہم اس کے ایک ایک انچ کا آخری سانس تک دفاع کریں گے۔”

دوسری جانب ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ہرمزگان صوبے میں مبینہ امریکی حملوں میں جاں بحق ہونے والے آٹھ شہریوں کی تصاویر بھی جاری کیں۔

ترجمان کے مطابق جاں بحق افراد میں چار خواتین، چار مرد اور ان مردوں میں دو معذور بھائی بھی شامل تھے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ امریکا نے گزشتہ رات اپنے "غیر قانونی حملوں” کے دوران پلوں کو نشانہ بنا کر ایک اور "کھلا جنگی جرم” کیا، جس کے نتیجے میں آٹھ بے گناہ ایرانی شہری جان سے گئے۔

اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ ایرانی عوام پہلے سے زیادہ متحد اور پرعزم ہیں اور اپنے بقول وطن کے خلاف ہونے والی اس جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔

دوسری جانب امریکی حکام اس سے قبل یہ مؤقف اختیار کر چکے ہیں کہ امریکی فوج صرف فوجی اہداف کو نشانہ بنا رہی ہے۔ ان متضاد دعوؤں کی آزاد ذرائع سے مکمل تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی۔

مزید خبریں

Back to top button