ڈی آئی خان میں سکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 8 دہشت گرد ہلاک

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے عزمِ استحکام وژن کے تحت دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی۔ آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والوں میں فتنہ الخوارج کے 3 اہم سرغنہ بھی شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے بعد ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے غیر ملکی کرنسی، بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز عزمِ استحکام وژن کے تحت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رکھی جائیں گی، جبکہ ملک میں امن و استحکام کے لیے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ناگزیر ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی ڈی آئی خان میں خوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔



