آٹے کا بحران شدت اختیار کر گیا، گندم 4 ہزار روپے من، 5 کلو آٹے کا تھیلا ہزار روپے تک پہنچ گیا


لاہور(جانوڈاٹ پ کے) گندم کی اوپن مارکیٹ میں قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد آٹے کی قیمتوں میں بھی بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق گندم کی فی من قیمت 4 ہزار روپے تک جا پہنچی ہے جبکہ آٹے کی قیمت 8 ہزار روپے فی من سے تجاوز کر گئی ہے۔ نجی فلور ملز اور کمپنیاں موجودہ صورتحال سے بھرپور فائدہ اٹھا رہی ہیں، جس سے عام صارفین کے لیے آٹا خریدنا دن بہ دن مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
مارکیٹ میں 5 کلوگرام آٹے کا تھیلا 950 سے 1000 روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ قیمتوں میں اس غیر معمولی اضافے نے شہریوں کی پریشانی میں اضافہ کر دیا ہے۔ عوام نے وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لینے، ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کے خلاف کارروائی کرنے اور ریلیف اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔