عمران خان کو پمز میں طبی معائنہ کے بعد واپس اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو پمز میں طبی معائنہ کے بعد واپس اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔

جیل ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو گزشتہ رات خصوصی سکیورٹی حصار میں اڈیالہ جیل سے پمز لے جایا گیا جہاں عمران خان  کی آنکھوں، دانت اور دیگر حوالے سے چیک اپ کیا گیا، بانی پی ٹی آئی کا معمول کا طبی معائنہ تھا۔

جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی کو طبی معائنہ کے بعد منگل کی صبح سویرے واپس اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا۔

دوسری جانب بانی پی ٹی آئی کی آنکھوں کے علاج سے متعلق پمز انتظامیہ کی وضاحت آ گئی۔

پمز انتظامیہ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو آنکھوں کے فالو اپ علاج کیلئے 28 اپریل کو پمز لایا گیا، عمران خان کو اینٹی وی ای جی ایف انٹرا ویٹریل انجیکشن کی چوتھی ڈوز دی گئی، میڈیکل پراسس سے قبل بانی کی رضا مندی حاصل کی گئی۔

ہسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ماہرین چشم نے معائنہ کیا، مریض طبی طور پر مستحکم پایا گیا، آپٹیکل کوہیرنس ٹوموگرافی میں طبی بہتری پائی گئی، مریض کی مکمل آگاہی و رضامندی اور معیاری نگرانی کے تحت آپریشن تھیٹر میں طریقہ کار مکمل کیا گیا، طریقہ کار ڈے کیئر سرجری کے طور پر انجام دیا گیا۔

پمز انتظامیہ کے مطابق مریض طریقہ کار سے پہلے، دوران اور بعد میں طبی طور پر مستحکم رہا، مزید نگہداشت، فالو اپ ہدایات اور دستاویزات کے ساتھ مریض کو ڈسچارج کر دیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button