ڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن وزیرآباد کے زیراہتمام حضرت امام حسین علیہ اسلام کے پیغامِ کربلا کو اجاگر کرنے کیلئے کانفرنس کا انعقاد

وزیرآباد (جانوڈاٹ پی کے) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن وزیرآباد کے زیراہتمام حضرت امام حسین علیہ اسلام کی عظیم قربانی، سیرت و کردار اور پیغامِ کربلا کو اجاگر کرنے کے لیے ایک پُروقار کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کی صدارت صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن عمران عصمت چوہدری ایڈووکیٹ اور جنرل سیکرٹری وقار احمد رندھاوا ایڈووکیٹ نے کی۔ کانفرنس میں علامہ اصغر علی یزدانی،علامہ ظہیر ذیشان جعفری،صدر عمران عصمت چوہدری،جنرل سیکرٹری وقار احمد رندھاوا،مستنصر علی گوندل،بشارت علی سندھو،امیدوار برائے صدارت عامر محمود رہاڑ،امیدوار برائے جنرل سیکرٹری نبیل اعجاز چیمہ،رانا خلیل احمد خان،ملک اختر علی اعوان،محمد آصف مہر،مرزاظہیر انجم بیگ،لیاقت ظہیر بھٹی،میاں عدنان،ملک جواد،حسن مہر،محمد محسن عباس چیمہ،محمد فیصل سمیت وکلاء، مذہبی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔کانفرنس سے ممتاز علمائے کرام علامہ اصغر یزدانی اور علامہ ظہیر ذیشان جعفری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ اسلام نے د ینِ اسلام کی سربلندی، حق و صداقت اور عدل و انصاف کے لیے اپنی اور اپنے اہلِ بیت سلام اللہ علیہ کی بے مثال قربانی پیش کی، جو قیامت تک انسانیت کے لیے مشعلِ راہ رہے گی، قرآنِ کریم اور حضرت امام حسین علیہ اسلام کا باہمی تعلق امتِ مسلمہ کے لیے عظیم رہنمائی کا سرچشمہ ہے، روایات کے مطابق شہادت کے بعد بھی حضرت امام حسین علیہ اسلام کے سرِ مبارک سے تلاوتِ قرآن کی آواز سنائی گئی، جو آپ علیہ اسلام کی عظمت اور قرآن سے گہری وابستگی کی علامت سمجھی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میدانِ کربلا میں شدید حالات کے باوجود حضرت امام حسین علیہ اسلام اور آپ علیہ اسلام کے جان نثار ساتھیوں نے نمازِ باجماعت ادا کرکے یہ واضح کر دیا کہ اسلام میں نماز ہر حال میں مقدم اور دین کا بنیادی ستون ہے۔صدر بارایسوسی ایشن عمران عصمت چوہدری ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضرت امام حسین علیہ اسلام کی تعلیمات پوری انسانیت کے لیے امن، عدل، برداشت اور اخوت کا پیغام ہیں، وکلاء برادری ہمیشہ آئین، قانون اور انصاف کی سربلندی کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔جنرل سیکرٹری وقار احمد رندھاوا ایڈووکیٹ نے کہا کہ نوجوان نسل کو واقعہ کربلا کے حقیقی پیغام سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ معاشرے میں اتحاد، بھائی چارہ اور انصاف کو فروغ دیا جا سکے۔کانفرنس کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، استحکام، اتحادِ امتِ مسلمہ، شہدائے اسلام کے بلند درجات اور ملک میں امن و خوشحالی کے لیے ملک و قوم کی خاطر جان قربان کرنیوالا شہداء کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔



