پورٹ قاسم پر ایف آئی اے کی کارروائی، بھارتی عملے کے دو ارکان کے مشکوک سی مین دستاویزات برآمد

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) پورٹ قاسم پر ایف آئی اے امیگریشن نے کارروائی کرتے ہوئے ایک جہاز کی کلیئرنس کے دوران بھارتی عملے کے دو ارکان کے مشکوک سی مین بکس پکڑ لیے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق جہاز JBU Schelde انڈونیشیا سے پورٹ قاسم پہنچا تھا۔ کلیئرنس کے دوران بھارتی شہریوں کُدچی وجے اور گُدیکر روشن گوپال کی دستاویزات مشکوک پائی گئیں۔
ابتدائی جانچ میں انکشاف ہوا کہ دونوں کے پاس بھارتی نیشنل سی ڈی سی اور درست سی مین بکس موجود نہیں تھے، جبکہ وہ پلاؤ سے جاری کردہ دستاویزات استعمال کر رہے تھے۔
ترجمان کے مطابق دونوں افراد مطلوبہ میری ٹائم اسناد (COC اور COP) بھی پیش نہ کر سکے۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد فی کس 5 لاکھ روپے جرمانے کی سفارش کی گئی ہے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ غیر قانونی سفری دستاویزات اور امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔



