حیدر آباد میں مال بردار ٹرین کے باعث متاثر ہونے والا ڈاؤن ریلوے ٹریک بحال

حیدرآباد(جانوڈاٹ پی کے) مٹیاری کے قریب وہاب شاہ ریلوے اسٹیشن کے نزدیک مال بردار ٹرین کے ڈی ریل ہونے سے متاثر ہونے والا ڈاؤن ریلوے ٹریک 36 گھنٹے بعد بحال کر دیا گیا، جس کے بعد ٹرینوں کی آمدورفت دوبارہ شروع ہو گئی۔
ریلوے حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی تمام بوگیوں کو ٹریک سے ہٹا دیا گیا ہے، جبکہ ریلوے انجینئرنگ اور پی ڈبلیو آئی (PWI) ٹیموں نے مرمتی کام مکمل کرنے کے بعد ڈاؤن ٹریک کو ٹرینوں کی آمدورفت کے لیے محفوظ قرار دے دیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال ڈاؤن ٹریک پر 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی احتیاطی رفتار (کاشن اسپیڈ) کے ساتھ ٹرینیں چلائی جا رہی ہیں، جبکہ سنگل لائن کراسنگ کے ذریعے باقاعدہ ریلوے آپریشن بھی بحال کر دیا گیا ہے۔
بحال ہونے والے ڈاؤن ٹریک سے پہلی ٹرین فرید ایکسپریس کو سنگل لائن کراسنگ کے ذریعے کراچی روانہ کر دیا گیا، جبکہ اپ ٹریک کی مکمل بحالی کے لیے مرمتی کام تیزی سے جاری ہے۔
ریلوے حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ اپ ٹریک بھی جلد مکمل طور پر آپریشنل کر دیا جائے گا، جس کے بعد منسوخ یا متاثر ہونے والی ٹرین سروسز بھی مرحلہ وار بحال کر دی جائیں گی۔



