ایچ آر سی پی وفد کا لیاقت یونیورسٹی ہسپتال حیدرآباد کا دورہ، ڈینگی وارڈ اور سہولیات کا جائزہ

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن جانو ڈاٹ پی کے)انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان کے وفد کا لیاقت یونیورسٹی ہسپتال حیدرآباد کا دورہ، ایم ایس اور مریضوں سے ملاقات ، ڈینگی وارڈ اور طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) کے حیدرآباد ریجن کے وفد نے لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدرآباد (سول اسپتال) کا دورہ کیا۔ وفد میں کوآرڈینیٹر ایچ آر سی پی حیدرآباد غفرانہ آرائیں، ارکین سلیم جروار، امداد چانڈیو اور تنویر آرائیں شامل تھے۔ وفد نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر علی اکبر ڈاہری سمیت دیگر انتظامی افسران سے ملاقات کی، جہاں اسپتال میں علاج و معالجے کی سہولیات، صفائی ستھرائی، اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر علی اکبر ڈاہری نے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حالیہ دنوں میں ڈینگی بخار کے کیسز میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے پیشِ نظر اسپتال میں ہنگامی بنیادوں پر خصوصی ڈینگی وارڈ قائم کیا گیا ہے۔ ہر آنے والے مریض کے مکمل خون کے ٹیسٹ، تشخیص اور تصدیق کے بعد علاج کا سلسلہ منظم انداز میں جاری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پیرا میڈیکل اسٹاف کی کمی کے باوجود دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے متبادل انتظامات کے ذریعے خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حیدرآباد سمیت سندھ بھر سے بڑی تعداد میں مریض سول اسپتال میں علاج کے لیے رجوع کر رہے ہیں، جس کے باعث روزانہ آنے والے مریضوں کی تعداد ہزاروں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے . ایم ایس سول اسپتال نے اعتراف کیا کہ شہر کی بڑھتی آبادی اور دباؤ کے باعث اسپتال کو مختلف انتظامی اور لاجسٹک مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومتِ سندھ اور محکمہ صحت کی سطح پر یہ تجویز زیرِ غور ہے کہ ایمرجنسی سروسز کے کچھ اہم شعبہ جات کو شہر سے باہر منتقل کیا جائے تاکہ اسپتال پر بوجھ کم کیا جا سکے۔ ڈاکٹر علی اکبر ڈاہری نے خدشہ ظاہر کیا کہ آئندہ سال ڈینگی کیسز میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے، اس لیے ضلع انتظامیہ، بلدیاتی اداروں اور محکمہ صحت کو مشترکہ طور پر پیشگی احتیاطی اقدامات اور آگاہی مہمات کا آغاز کرنا ہوگا تاکہ بیماری کے پھیلاؤ پر بروقت قابو پایا جا سکے۔ایچ آر سی پی کے وفد نے اسپتال انتظامیہ کو مریضوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔ بعد ازاں وفد نے آر ایم او سیکیورٹی ڈاکٹر سعد عباسی کے ہمراہ ڈینگی وارڈ کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں مریضوں کی خیریت دریافت کی اور علاج کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ وفد نے اسپتال انتظامیہ کی کاوشوں اور کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کی مریضوں کو درپیش مسائل اور مشکلات پر قابو پانے کے لیے مذید اقدامات اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button