آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر نئی فیس عائد ہوگی، دوست ممالک کو خصوصی رعایت دیں گے، ایران

بیجنگ(ویب ڈیسک) چین میں ایران کے سفیر عبدالرضا رحمانی فضلی نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں سے نئی فیس وصول کی جائے گی، جبکہ ایران کے دوست ممالک کو اس نظام میں خصوصی رعایت دینے پر غور کیا جائے گا۔
بیجنگ میں منعقدہ ورلڈ پیس فورم سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران اور عمان باہمی تعاون کے تحت آبنائے ہرمز کے لیے نئے انتظامات پر کام کر رہے ہیں، جن کا مقصد اس اہم عالمی آبی گزرگاہ کے انتظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں سے فیس ضرور وصول کی جائے گی، تاہم یہ روایتی "ٹول ٹیکس” نہیں ہوگا بلکہ محفوظ بحری گزرگاہ، جہازوں کی نگرانی، سمندری ٹریفک کے مؤثر انتظام اور ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام جیسے اقدامات کے لیے وصول کی جائے گی۔
عبدالرضا رحمانی فضلی کا کہنا تھا کہ ایران ان ممالک کے لیے خصوصی رعایت دینے پر بھی غور کرے گا جنہوں نے مشکل حالات میں تہران کا ساتھ دیا اور دوستانہ تعلقات برقرار رکھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئے انتظامات کا مقصد آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کو محفوظ، منظم اور ماحول دوست بنانا ہے، تاکہ عالمی تجارت کے اس اہم بحری راستے پر نقل و حمل مزید مؤثر انداز میں جاری رہ سکے۔



