پاکستان ہاکی فیڈریشن نےکوچز کی تربیت کیلیے مفاہمتی یادداشت پردستخط کردیئے

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پاکستان عرب ریفائنری کمپنی (پارکو) کے درمیان ہاکی کوچز کی تربیت کے لیے مفاہمتی یادداشت پردستخط ہو گٸے۔تقریب میں صدر پی ایچ ایف محی الدین وانی اور منیجنگ ڈائریکٹر پارکو مرتضیٰ قریشی نے ایم او یو پر دستخط کیے جبکہ وفاقی سیکرٹری پیٹرولیم عابد یعقوب اور ذیشان نقوی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر پی ایچ ایف محی الدین وانی نے کہا کہ قومی کھیل کی ترقی اور بحالی کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اس مقصد کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کوچز کی تربیت کا پروگرام ملک بھر میں شروع کیا جائے گا تاکہ جدید تقاضوں کے مطابق کوچنگ کا معیار بہتر بنایا جا سکے۔محی الدین وانی نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن جونیئر ٹیموں کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور ہاکی کو اس کا کھویا ہوا مقام دلانے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔اس موقع پر سیکرٹری پیٹرولیم عابد یعقوب نے کہا کہ پارکو ایک اچھے مقصد کے لیے قومی کھیل کی سرپرستی کر رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مشترکہ کاوشوں سے پاکستان ہاکی دوبارہ عالمی سطح پر اپنی کھوئی ہوئی شناخت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگی۔



